لاہور(نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے اسلامی جمعیت طلبہ کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اہم سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے 78 سال تک جہدِ مسلسل کے ساتھ اسلامی نظریاتی کردار اور طلبہ و نئی نسل کے تحفظ کے لئے بے لوث انتھک محنت کا تسلسل جاری رکھا ہوا ہے۔ سپریم کورٹ، اسمبلیوں اور کابینہ میں فیصلوں کے باوُجُود پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی حکومتیں طلبہ یونینز کے انتخابات نہیں کرارہی۔ نئی نسل اور طلبہ و طالبات کی جمہوری قومی تربیّت کے لئے طلبہ یونینز کے انتخابات کرائے جائیں۔ لیاقت بلوچ نے معروف سیاسی رہنما سید زعیم قادری کے لئے منعقدہ دعائیہ تقریب میں شرکت، سابق سیکرٹری اطلاعات شعیب بن عزیز کے بھائی عاصم عزیز کی وفات پر تعزیت کی اور جماعت اسلامی کے سینئر رہنما فیض الباری کی طرف سے عوامی افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ رمضان پوری اُمت کو قرآن و سُنت پر متحد ہونے کا پیغام ہے۔