اتہران، اسلام آباد، کراچی (ایجنسیاں، نیوز ڈیسک) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اردو زبان میں ایک پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے، انہوں نے کہا پاکستانی حکومت اور عوام مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوئے،جس پر تہہ دل سے شکر گزار ہیں، ایران کو یقین ہے کہ دوست ممالک اور عوام کی حمایت سے موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، دوسری جانب ایران کی اعلیٰ سیکورٹی کونسل کے سربراہ علی لاریجانی نے عالم اسلام کے نام پیغام میں کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کیخلاف جنگ میں ایران کو تنہا چھوڑ دیا گیا، مسلم ممالک ہوش کے ناخن لیں، امریکا آپ کا وفادار نہیں، اسرائیل ابدی دشمن ہے، ادھر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے فون پر رابطہ ہوا ، دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری صورتحال میں ہونے والی تازہ پیش رفت اور اس کے وسیع تر اثرات پر تبادلۂ خیال کیا، خطے میں سلامتی کے فروغ کیلئے سفارتی کوششوں پر زور دیا اور علاقائی صورتحال پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا، دریں اثناء ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین قابل اعتماد شراکت دار اور قریبی دوست ہیں، باہمی دلچسپی اور مشترکہ مفاد کے امور پردونوں ممالک کا قریبی رابطہ برقرار ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اردو زبان میں ایک پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکی اور صہیونی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کی حکومت اور عوام نے ایران کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا ہے۔پاکستان نے مشکل وقت میں ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران اللہ تعالیٰ پر کامل توکل کے ساتھ اپنے موقف پر قائم ہے اور ہر مشکل کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے خطے کی موجود صورتحال پر گفتگو کی۔اسحاق ڈار نے کہا کہ امن و استحکام کیلئے سفارتی روابط اور مکالمہ ناگزیر ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان علاقائی صورتحال پر مشاورت جاری ہے۔ علاوہ ازیں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین قابل اعتماد شراکت دار اور قریبی دوست ہیں۔ غیر ضروری قیاس آرائیاں، حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش بے بنیاد اور بلاجواز ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اورچینی وزیر خارجہ کے حالیہ رابطے میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔