• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رحیم یار خان، چھت گرنے سے بینظیر پروگرام سے رقم لینے آئی 8 خواتین جاں بحق، 57 زخمی

رحیم یار خان،صا دق آباد،بنگلہ منٹھار (آن لائن ،ڈسٹرکٹ رپورٹر،سٹی رپورٹر،نامہ نگاران)بی آئی ایس پی رقم تقسیم کے دوران چھت گر گئی،8خواتین جاں بحق،75سے زائد زخمی، چک نمبر 123/P ٹبہ، یونین کونسل نمبر 114 میں قائم  پارٹنر بینک  کے  پیمنٹ پوائنٹ پر چھت گرنے کے افسوسناک واقعہ کے باعث عمارت کی پہلی منزل (چھت) پر موجود کمزور انفراسٹرکچر اچانک منہدم ہو گیا جس کے نتیجے میں 8خواتین جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئیں، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی اور واقعہ کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔صدر مملکت کا اظہار ر افسوس،روبینہ خالد کو اقدامات کی ہدایات،ہلاک   خواتین کے لواحقین  کو 10 لاکھ،   زخمیوں کو 3 لاکھ  دینے کا فیصلہ چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے اس افسوس ناک واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی ہدایت پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد فوری طور پر رحیم یار خان روانہ ہو گئی ہیں تاکہ موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیں اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کریں۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی کی ہدایت پر  ہیڈکوارٹرز سے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی فوری طور پر رحیم یار خان روانہ ہو چکی ہے جو واقعے کی مکمل تحقیقات اور  ذمہ داران کا تعین کرکے 24 گھنٹوں کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرے گی ۔واقعے میں ممکنہ غفلت کے پیشِ نظر متعلقہ پارٹنر بینک کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے جبکہ اس پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جا رہا ہے۔  بی آئی ایس پی کی جانب سے جاں بحق ہونے والی خواتین کے لواحقین کے لیے 10 لاکھ روپے جبکہ زخمی خواتین کے لیے 3 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گی اور یہ ادائیگیاں کل تک مکمل کر دی جائیں گی۔ *چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور متعلقہ پارٹنر بینک کے نمائندگان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اہم خبریں سے مزید