کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قذافی اسٹیڈیم لاہور کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کراچی کو جدید شکل میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ منصوبے پر تقریباً چار ارب روپے کی لاگت آئے گی ۔ نئے انکلو ژر اس طرح تعمیر کئے جائیں گے کہ تماشائی کھلاڑیوں کو قریب سے دیکھ سکیں گے ، میچ کا نظارہ پہلے سے بہت بہتر ہوگا۔ جنگ کو مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ دوسرے مرحلے کی تعمیر کا باضابطہ آغاز جون سے کیا جائے گا اور امکان ہے کہ دسمبر تک اسٹیڈیم کی نئی شکل سامنے آئے گی۔ اگلے سال جنوری میں نیشنل اسٹیڈیم جدید کرکٹ اسٹیڈیم میں تبدیل ہوجائے گا۔ دونوں جانب کی بلڈنگوں کے علاوہ اطراف کے تمام انکلوژر اور کارپوریٹ باکسز کو گرا کر نئے اور اسٹیٹ آف دی آرٹ انکلوژرز کی تعمیر چھ ماہ میں مکمل ہوگی ، تماشائیوں کے لئے آرام دے کرسیاں نصب کی جائیں گی ، نئے بیت الخلاء بنائے جائیں گے ۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ انکلوژرز اور آوٹ فیلڈ کے درمیان لوہے کے جنگلے ختم کرکے خندقیں بنادی جائیں گی ۔ جنگلوں کی وجہ سے ویو متاثر ہوتا تھا۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کو جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے ۔ اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن اور تعمیرِ نو کے دوسرے مرحلےکا کام تیزی سے جاری ہے ۔ چیئرمین محسن نقوی کے وژن کے مطابق گذشتہ سال قذافی اسٹیڈیم کو گرا کر نیا اور جدید اسٹیڈیم تعمیر کیا گیا تھا۔ گذشتہ سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے موقع پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پہلے مرحلے میں یونیورسٹی اینڈ پر ایک چار منزلہ جدید بلڈنگ تعمیر کی گئی تھی۔ ڈریسنگ رومز اور وی وی آئی پی باکسز کو بھی نئی بلڈنگ میں منتقل کردیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اس وقت پاکستان سپر لیگ سے قبل اسٹیڈیم کی چھتوں کو ہٹایا جارہا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے چھ میچ کراچی میں ہونگے ۔ چوں کہ میچ شام کو شروع ہوں گے اس لئے چھتوں کے بغیر بھی تماشائی میچوں کو بغیر کسی مشکل کے دیکھ سکیں گے۔