• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیری رحمٰن کی بیٹی ماروی ملک کا انتقال‘ مختلف رہنماؤں کی تعزیت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سینیٹر شیری رحمٰن اور احسان ملک کی بیٹی ماروی خورشید ملک انتقال کرگئیں۔ ان کی تدفین پیر کو کراچی میں ہو گی نمازِ جنازہ کیلئے میت پیر کو سہ پہر ساڑھے تین بجے 49اولڈ کلفٹن سے لے جائی جائیگی۔ مرحومہ کی نمازِ جنازہ آج سہ پہر ساڑھے تین بجے ڈی ایچ اے فیز ایٹ کراچی میں ادا کی جائے گی جس کے بعد تدفین مقامی قبرستان میں کی جائےگی۔ صدر زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف سمیت سیاسی ومذہبی رہنماؤں نے ماروی ملک کی وفات پر اظہارافسوس کیاہے ۔ پی پی پی سیکریٹریٹ کے مطابق 35سالہ ماروی ملک برین ہمیرج کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ اہل خانہ کے مطابق ماروی ملک کو 5دن قبل کلفٹن کے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، 35برس کی ماروی ملک کوتین دن قبل طبیعت خراب ہونے پر وینٹی لیٹر پرمنتقل کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نائب صدر پیپلزپارٹی شیری رحمان کی بیٹی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ماروی ملک کے انتقال پر شیری رحمان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ ماروی ملک کی مغفرت اور بلند درجات کی انہوں نے شیری رحمان کےلئے بھی صبر جمیل کی دعاکی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان کی صاحبزادی ماروی خورشید ملک کی رحلت پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے انہوں نے سینیٹر شیری رحمان سے انکی صاحبزادی کی رحلت پر دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹر شیری رحمان سمیت سوگوار خاندان کیلیئے بھی صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ اہلِ خانہ نے کہا کہ وہ اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے اور خود کو سنبھالنے کیلئے وقت اور خلوت کے خواہاں ہیں ہم سب سے درخواست کرتے ہیں کہ اس مشکل وقت میں ان کی پرائیویسی کا احترام کیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید