کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی کشش عالمی کرکٹ اسٹارز کو پاکستان کھینچ لائی۔ خطے میں کشیدگی اور جنگ بھی راستہ نہ روک سکی۔ لاہور میں رونقیں بحال ہوگئیں، گیارہوں ایڈیشن کیلئے غیر ملکی اسٹارز کی پاکستان آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ آسٹریلیا کے عالمی شہرت یافتہ بیٹسمین اسٹیو اسمتھ لاہور پہنچ گئے ہیں۔ غیر ملکیوں کے ساتھ پاکستان کے کھلاڑی بابراعظم ، شاداب خان بھی تمام تر توجہ کا مرکز ہیں۔ بنگلہ دیش کے ناہید رانا، مستفیض الرحمن ،شرف الاسلام اورپرویز حسین پاکستان آگئے ہیں۔ حیدرآباد کے کپتان مارنوس لبوشین جبکہ سری لنکا کے کوشال پریرا اور آسٹریلیا کے رائلی میرڈیتھ بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ آسٹریلیا کے گلین میکسویل آخری پانچ میچوں کے لیے ٹیم کو جوائن کریں گے جبکہ ٹیم راولپنڈیز میں شامل جسٹن کیمپ بھی پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ حیدرآباد کنگزمین کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی بھی پاکستان پہنچ گئےہیں۔ حیدرآباد کنگزمین کے نائب کپتان حسان خان،شایان جہانگیر، حماد اعظم، احمد حسین اور طیب عارف نے بھی اسکواڈ جوائن کرلیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں نیوزی لینڈ کے ڈیوون کونوے اور مارک چیپمین نے ایئرپورٹ پر پہنچ کر اپنے مداحوں کو اردو زبان میں پیغام دیا۔ ویڈیو میں دونوں کھلاڑیوں کو ایک ساتھ دیکھا جاسکتا ہے جبکہ مارک چیپمین کہتے ہیں ’ہم آگئے ہیں ‘۔ ان کے علاوہ تبریز شمسی، جوش فلپ، پیٹر سڈل اور کوچ ٹم پین سمیت ملتان سلطانز کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ سری لنکا کے کوشال مینڈس کو پی ایس ایل کے لیے این او سی جاری کردیا گیا ہے۔ فٹنس ٹیسٹ کلئیر کرنے کے بعد سری لنکا کرکٹ نے پی ایس ایل کے لیے این او سی جاری کیا ہے۔ کوشال مینڈس پشاور زلمی کا حصہ ہیں۔ کراچی کنگز کا اسکواڈ بھی لاہور میں پہنچ گیا ہے۔ جارح مزاج جنوبی افریقی بیٹر ریزا ہینڈرکس کراچی کنگز کا حصہ بن گئے ہیں، انہیں جانسن چارلس کا متبادل چنا گیا ہے۔ انڈر نائنٹین سپر اسٹار ہارون ارشد بھی ڈومیسٹک میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد کراچی کنگز ٹیم میں منتخب کر لیے گئے ہیں ۔ دریں اثنا پی ایس ایل کی ٹرافی انفینیٹی ٹرافی مختلف شہروں کا دورہ کرتی ہوئی پشاور سے لاہور پہنچ چکی ہے۔ ٹرافی کی 11 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں رونمائی کی گئی تھی، ٹرافی مقامی جیولرز کے 18 ماہر کاریگروں کی 2600 گھنٹے کی محنت کا نتیجہ ہے۔ ٹرافی کے سفر کا آغاز مزار قائد سے ہوا تھا ، اسے کراچی ایمپریس مارکیٹ، سی ویو، ویدر ٹاور اور لیاری لے جایا گیا تھا۔ حیدر آباد میں ٹرافی کی رونمائی مکلی قبرستان، شاہ جہاں مسجد اور حیدر آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوئی 1600 جیم اسٹونز سے بنی ہوئی ٹرافی نے اسلام آباد میں فیصل مسجد، یادگار پاکستان اور راولپنڈی میں ہوم گراؤنڈ کا بھی رخ کیا ، اسکردو میں انفینیٹی ٹرافی کھپلو فورٹ، کٹپانا ڈیزرٹ، گھواری، کیرس سسپنشن برج اور اپر کچورا لیک میں جلوہ پذیر ہوئی۔ پشاور میں ٹرافی کو تاریخی سیٹھی ہاؤس اور عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم بھی لے جایا گیا ، پی سی بی کے مطابق ٹورنامنٹ کے دوران انفینیٹی ٹرافی دیگر وینیوز کے علاوہ ملتان اور کوئٹہ کا بھی رخ کرے گی۔