کراچی(اسٹاف رپورٹر) ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن کی جانب سے گزشتہ ہفتے جاری کردہ رپورٹ سے واضح ہوتا ہے اگرچہ انڈین پریمیئر لیگ مجموعی درجہ بندی میں پاکستان سپر لیگ سے آگے ہے، تاہم کھلاڑیوں کے حقوق، معاہدوں کی شفافیت اور گورننس کے بیشتر شعبوں میں پی ایس ایل کا نظام زیادہ مضبوط اور متوازن ہے۔ رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کی کل آمدن کا تقریباً 32 فیصد کھلاڑیوں کو جاتا ہے جبکہ آئی پی ایل میں یہ شرح صرف 8 فیصد ہے۔ رپورٹ میں تیسرے نمبر پر موجود آئی پی ایل کو 62.6 جبکہ پانچویں نمبر کی پی ایس ایل کو 48.0 پوائنٹس دیے گئے تھے۔ اعداد و شمار کے مطابق آئی پی ایل میں کھلاڑیوں کی اوسط ہفتہ وار آمدن 59041 امریکی ڈالر ہے، جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور اسی بنیاد پر اسے اس کیٹیگری میں آئی پی ایل کو مکمل اسکور ملا۔ اس کے برعکس پی ایس ایل میں اوسط ہفتہ وار آمدن 16579 ڈالر ہے، یہی فرق مجموعی اسکور میں 30 سے زائد پوائنٹس کا نمایاں خلا پیدا کرتا ہے۔ البتہ کم از کم تنخواہ کے معاملے میں پی ایس ایل نسبتاً بہتر نظر آتی ہے، جہاں کھلاڑیوں کو تقریباً 3868 ڈالر ہفتہ وار ملتے ہیں، جبکہ آئی پی ایل میں یہ رقم تقریباً 2300 ڈالرز ہے۔