کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے لئے امپائروں اور میچ ریفری کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے رکن سر رچرڈ رچرڈسن بطور میچ ریفری اپنا پی ایس ایل ڈیبیو کریں گے۔ اس سے قبل سر رچرڈسن نے 2017 اور 2024 کے درمیان پاکستان میں چار ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں میں میچ ریفری کے فرائض انجام دیے ہیں ۔ امپائروں میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے چار ارکان پاکستان سے احسن رضا، نیوزی لینڈ سے کرسٹوفر گیفنی، جنوبی افریقا کے اللہوڈین پالیکر اور انگلینڈ سے الیگزینڈر وارف کے ساتھ شرف الدولہ سیکت ،کرس براؤن امپائرز ، آصف یعقوب، راشد ریاض، فیصل خان آفریدی، ناصر حسین، ذوالفقار جان، عبدالمقیت، آل حیدر، عمران جاوید اور طارق رشید شامل ہونگے۔ سری لنکا کے روہن ماہاناما جو 2017 سے پی ایس ایل میں باقاعدہ میچ ریفری ہیں، لاہور قلندرز اور حیدر آباد کنگز مین کے درمیان افتتاحی میچ میں میچ ریفری ہوں گے۔ پہلے میچ میں وارف اور احسن آن فیلڈ امپائر ہوں گے جبکہ آصف یعقوب ٹی وی امپائر کے فرائض سرانجام دیں گے۔ طارق رشید فورتھ امپائر ہوں گے۔لیگ کے دوران سر رچرڈ رچرڈسن، ماہانامہ ،علی نقوی، کامران چوہدری، بلال خلجی، افتخار احمد، علیم موسیٰ، سہیل ادریس میچ ریفری ہوں گے۔