• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیو کراچی گھر سے پراسرار طور پر ہلاک میاں بیوی کی 4 روز پرانی لاشیں برآمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیو کراچی میں گھر سےپر اسرار طور پر ہلاک میاں بیوی کی4 روز پانی لاشیں برآمد ہوئی ۔تفصیلات کے مطابق بلال کالونی تھانہ کی حدود نیو کراچی سیکٹر 5Jمکان نمبر 1765 سے77سالہ نور محمد ولد محمد یوسف اور اسکی اہلیہ 45سالہ ہما جبین کی لاشیں برآمد کی گئیں،لاشوں کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروںنے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو قانونی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا اور کرائم سین یونٹ کی مدد سے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کئے گئے۔ ایس ایچ او تھانہ بلال کالونی انور علی نے بتا یا ہےکہ دونوں لاشیں پھولی ہوئی تھیں ایسامعلوم ہوتا ہے کہ لاشیںتین سے چار روز پرانی ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق متوفیہ خاتون اور مرد اپنا پہلا رشتہ ختم کرکے 14سال قبل رشتہ ازاواج میں منسلک ہوئے تھے اور دونوں کے اپنے پچھلے رشتہ سے اولادیں ہیں لیکن ان کے ایک دوسرے سے کوئی اولاد نہیں ہے،عید کے تیسرے روز نور محمد کی بیٹی جو اپنی والدہ کے ساتھ ماڈل کالونی میں مقیم ہے نے والد سے عید ملنے کے لئے فون کیا ۔متوفی کی بیٹی نے اپنے والد کو متعدد بار فون کیا مگر کسی نے کال ریسیو نہیں کی، جس پر اس نے پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور اہلخانہ موقع پر پہنچ گئے، جہاں پولیس کی موجودگی میں دروازہ توڑ کر گھر میں داخل ہوکرتلاشی کے دوران ایک کمرے سے خاتون کی دو روز پرانی لاش برآمد ہوئی، جبکہ گھر کی چھت سے مرد کی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق واقعہ بظاہر پراسرار ہے تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آسکے گی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید