کراچی (اسٹاف رپورٹر )گل پلازہ میں گزشتہ روز لگنے والی آگ سے تشویشناک حالت میں ملنے والا شخص دوران علاج اسپتال میں چل بسا ۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز مبینہ طور پر نشے کے عادی افراد کی جانب سے تباہ حال گل پلازہ میں چوری کے دوران آگ بھڑک اٹھی تھی ۔ فائر فائٹرز کی جانب سے اتوار کی اور پیر کی درمیانی شب آگ پر قابو پالیا گیا تھا ۔ فائر بریریگیڈ کی 5 گاڑیوں کی آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔ریسکیو رضا کاروں کی جانب سے سرچنگ کا عمل جاری تھا کہ ایک شخص تشویشناک حالت میں ملا جسے ایمبولینس کی مدد سے سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق تشویشناک حالت میں ملنے والا شخص دوران علاج دم توڑ گیا ۔ چیف فائر آفیسر ہمایوں احمد کا کہنا تھا کہ آگ بجھانے کے بعد بلڈنگ کی سرچنگ کی گئی، جہاں سرچنگ کے دوران ایک شخص بےہوشی کی حالت میں ملا۔ہمایوں احمد کا کہنا تھا کہ ملنے والا شخص بظاہر نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے ۔ پولیس کے مطابق متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی ہے ۔