• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عیدالفطر پر بداحتیاطی، گیسٹرو و ڈائریا کے مریضوں کا اسپتالوں میں رش

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عیدالفطر کے موقع پر بداحتیاطی اور غیر متوازن غذاؤں کے استعمال کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد ڈائریا، گیسٹرو اور معدے کے دیگر امراض میں مبتلا ہوئی اور اسپتالوں سے رجوع کرنے پر مجبور ہوگئی۔ جناح، سول اور عباسی شہید اسپتال کے شعبہ حادثات میں مریضوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جہاں عملے کی کمی اور بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ ماہرین کے مطابق عید کے دوران شہریوں نے حفظانِ صحت کے اصول نظر انداز کرتے ہوئے مرغن، چکنائی سے بھرپور اور دیر ہضم غذاؤں کا کثرت سے استعمال کیا، جس کے نتیجے میں پیٹ کے امراض میں اضافہ ہوا۔ عید کے تینوں روز سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کا دباؤ برقرار رہا، جبکہ نجی کلینکس کی بڑی تعداد بند ہونے کے باعث بھی مریضوں کا رخ سرکاری اداروں کی جانب رہا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق ہر سال کی طرح اس بار بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ڈاکٹروں کی خصوصی ڈیوٹیاں لگائی گئیں۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ تہواروں کے دوران اعتدال کو اپنائیں، گوشت کے ساتھ سبزیوں اور پھلوں کا استعمال بڑھائیں اور بازاری و غیر معیاری کھانوں سے حتیٰ الامکان پرہیز کریں تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکے۔
شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید