کراچی ( اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی نے عید کے پہلے روز گورنر ہاؤس میں عیدالفطر کے موقع پر مختلف ممالک کے قونصل جنرلز، چیف سیکریٹری سندھ، آئی جی سندھ، رکن قومی اسمبلی اختیار بیگ، اشتیاق بیگ اور معززین شہر سے ملاقات کی۔ غیر ملکی سفارتکاروں نے گورنر سندھ کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کی۔ملائیشیا، متحدہ عرب امارات، عمان، جرمنی، بحرین، جاپان اور چین کے قونصل جنرلز نے شرکت کی، بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر اور ایتھوپیا کے اعزازی قونصل جنرل بھی ملاقات کے لئے گورنر ہاوس پہنچے ۔ یمن اور مراکش کے اعزازی قونصل جنرلز کے علاوہ انڈونیشیا، ویتنام اور فرانس کے قونصل جنرلز اہلِ خانہ کے ہمراہ گورنر ہاؤس آئے۔چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے گورنر سندھ سے ملاقات کی ، منصب سنبھالنے اور عید کی مبارکباد دی۔ آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے بھی گورنر سندھ سے ملاقات کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔گورنر سندھ محمد نہال ہاشمی نے عید ملاقات کے دوران خطے کی صورتحال اور اہم عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان کے دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، ثقافتی روابط، تعلیمی اشتراک اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔