• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کو نعروں کی نہیں اختیارات کی ضرورت ہے، الطاف شکور

کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکورنے کہا ہے کہ کراچی کو نعروں نہیں بلکہ اختیارات کی ضرورت ہے۔ جب تک اختیارات منتقل نہیں کیے جاتے، مسائل جوں کے توں رہیں گے۔ اگر اختیارات دیے جائیں تو شہر کو ایک بہتر اور قابلِ رہائش مقام بنایا جا سکتا ہے۔ کراچی مسائل کے حل کے لئے منصوبوں یا وعدوں کی کمی کا شکار نہیں بلکہ اصل مسئلہ اختیارات کا فقدان ہے جہاں ان کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ دو کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کو صرف بیانات کے ذریعے نہیں چلایا جا سکتا، مگر بدقسمتی سے برسوں سے یہی طرزِ حکمرانی جاری ہے جس میں اوپر کی سطح پر اعلانات ہوتے ہیں جبکہ نچلی سطح پر اختیار موجود نہیں ہوتا۔ الطاف شکور نے کہا کہ کراچی پاکستان کی قومی آمدنی میں 60 سے 65 فیصدحصہ ڈالتا ہے لیکن اس کے باوجود شہریوں کو بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہیں۔ شہر میں روزانہ ہزاروں ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے مگر صفائی کا مؤثر نظام موجود نہیں، سیوریج کا نظام تباہ حال ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور بارشوں کے دوران شہر مفلوج ہو جاتا ہے۔ پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے باعث شہری ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر ہیں۔ کراچی میں 1200 سے زائد منتخب کونسلرز اور 246 یونین کمیٹیاں موجود ہیں، مگر ان نمائندوں کے پاس اختیارات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید