• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوان نسل کو قائد اعظم کے نظریئے سے ا ٓگاہ کرنا ضروری، مراد علی شاہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کوقائد اعظم کے نظریئے سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے پیر کویومِ پاکستان کے موقع پر بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزارِ پر حاضری دی ۔وزیراعلیٰ سندھ کا ان کے کابینہ اراکین، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور کمشنر کراچی نے پرتپاک استقبال کیا۔ گورنر سندھ نہال ہاشمی بھی مزار پر پہنچے جہاں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ان کا خیرمقدم کیا۔ دونوں رہنماؤں نے بانیٔ قوم کی روح کے ایصالِ ثواب کے لئے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید نے کہا کہ وہ 23 مارچ کے تاریخی دن پر قائداعظم کو خراجِ عقیدت پیش کرنے آئے ہیں، آج کے دن 86 سال قبل لاہور میں قراردادِ پاکستان منظور کی گئی تھی۔ تحریکِ پاکستان میں سندھ نے نمایاں کردار ادا کیا اور سندھ اسمبلی نے سب سے پہلے قراردادِ لاہور کے فوراً بعد پاکستان کے قیام کی حمایت میں قرارداد منظور کی، جس کے باعث پاکستان کے قیام کی بنیاد رکھی گئی۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان، جو 14 اگست 1947 کو معرضِ وجود میں آیا، قیام کے بعد سے کئی چیلنجز کا سامنا کرتا رہا ہے لیکن اس کے باوجود استقامت کے ساتھ آگے بڑھتا رہا۔ قومی رہنماؤں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنایا اور ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، جبکہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے میزائل پروگرام کے ذریعے ملک کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافہ کیا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آج پاکستان صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں مضبوطی سے کھڑا ہے، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج مکمل طور پر چوکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا۔وزیرِ اعلیٰ سندھ نے زور دیا کہ پاکستان کو قائداعظم کے اصولوں؛ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہمیں متحد رہنا ہوگا اور اختلافات سے بالاتر ہو کر پاکستان کا دفاع کرنا ہوگا۔سید مراد علی شاہ نے علاقائی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے خلاف جارحیت کی مذمت کی اور افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف پاک فوج کی کارروائیوں کو سراہا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے عالمی امور پر پاکستان کے مؤقف کو دہراتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور فلسطین میں اسرائیلی تشدد کی مذمت کی۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید