لاہور (اپنے نامہ نگار سے ) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنماوں نے مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کو انکے 97ویں یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیگم نصرت بھٹو نے آمریت کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیا ۔سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بیگم بھٹو نے اپنی لازوال جمہوری جدوجہد سے پاکستانی سیاست میں اپنا مقام بنایا،ضیاء آمریت میں مادر جمہوریت کی جدوجہد پاکستان کی سیاسی تاریخ کا انمٹ باب ہے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ بیگم بھٹو، آمریت اور جبر کے خلاف مزاحمت کی علامت بن کر ابھریں دوسری جانب پیپلز پارٹی لاہور اربن ڈویژن کے صدر فیصل میر نے کہا ہے کہ شہید بھٹو نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھ کر پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنایا اورشہید بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کے ذریعے دفاع کو نئی طاقت دی لہذا بھٹو اور بینظیر بھٹو کی تاریخی خدمات کے اعتراف میں انکی قومی یادگاریں ناگزیر ہیں، وہ یوم پاکستان کی مناسبت سے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کیساتھ مینار پاکستان کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رھے تھے۔