لاہور(خبر نگار) سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے یومِ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوفیاء کی تعلیمات سے مقاصدِ قراردادِ پاکستان کا حصول ممکن ہوایہ عظیم دن ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں اور برصغیر کے مسلمانوں کی ایک آزاد وطن کے حصول کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے مزار پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈمنسٹریٹر محمد علی خان،خطیب داتا دربار ،مولانا رمضان سیالوی انتظامیہ داتا دربار اور زائرین کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ قراردادِ پاکستان کی روح ہمیں اپنی پیشہ ورانہ اور قومی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں رہنمائی فراہم کرتی رہنی چاہیے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ صوفیاء کرام کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں محبت، امن، رواداری اور انسانیت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔