لاہور (خصوصی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر پی ایچ اے لاہور نے شہریوں کو معیاری سیر و تفریح کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مثالی انتظامات کیے۔ مینجنگ ڈائریکٹر پی ایچ اے راجہ منصور احمد کی زیر نگرانی تینوں دن لاہور کے بڑے اور چھوٹے پارکوں میں صفائی، سکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا، جس کے باعث شہریوں نے خوشگوار اور محفوظ ماحول میں عید کی خوشیاں منائیں۔ اسی طرح سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مرد و خواتین پر مشتمل عملہ پارکوں کے داخلی و خارجی راستوں اور اندرونی حصوں میں مسلسل ڈیوٹیاں سرانجام دیتا رہا۔ گریٹر اقبال پارک، ، جیلانی پارک، جلو بوٹینیکل گارڈن اور باغ جناح سمیت شہر کے تمام اہم پارکوں میں شہریوں کو کشتی رانی، بچوں کے پلے ایریاز اور پکنک پوائنٹس جیسی سہولیات فراہم کی گئیں، جہاں خاندانوں نے بھرپور انداز میں عید کی خوشیوں سے لطف اٹھایا۔