کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمران طبقے کی عیاشیاں،عوام پر مہنگائی بم گررہے ہیں، امریکہ، اسرائیل اور بھارت کا اتحاد تثلیث خبیثہ ہے،امت مسلمہ کو اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ملک میں آئی پی پیز مافیا کا راج ہے،تمام معاہدوں کا فوری جائزہ لیا اور قوم کا پیسہ لوٹنے والوں کا کڑا احتساب کیا جائے۔ اس بات کا اظہار انہوں نے عید ملن تقریب میں مرکزی،صوبائی اور کراچی کے ذمہ داران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ایرانی قیادت خراج تحسین کی مستحق ہے کہ انہوں نے امریکہ و اسرائیل کے عزائم کو ناکام بنایا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود تضادات کا شکار ہیں اور مختلف مواقع پر مختلف بیانات دے رہے ہیں، جو اس کی پالیسیوں کی غیر سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔امریکہ ایران میں رجیم چینج لانا چاہتا تھا لیکن اب خود مغربی دنیا میں تبدیلی کے آثار نمایاں ہیں۔ عوامی سطح پر امت مسلمہ کا اتحاد موجود ہے مگر حکمران طبقہ نے امت کو تقسیم کر رکھا ہے۔ امن، استحکام اور یکجہتی کے لیے عدل و انصاف کا قیام ناگزیر ہے۔ شیعہ سنی اختلافات کو ہوا دینے والے دراصل دشمن کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کو واضح موقف اپنانا ہوگا اور بتانا ہوگا کہ وہ حق کے ساتھ کھڑے ہیں یا باطل کے ساتھ۔ ملک میں ایسی قیادت آنی چاہئے جو عوام کی خدمت کرے اور بیرونی طاقتوں کے بجائے عوامی مفادات کو ترجیح دے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ ایک طرف حکمران طبقہ عیاشیوں میں مصروف ہے جبکہ دوسری جانب عوام پر مہنگائی کے بم برسائے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اربوں روپے مالیت کا طیارہ خریدا جاتا ہے اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کروڑوں روپے کی گاڑیاں خرید رہے ہیں، جبکہ قوم کے بچوں پر پیٹرول بم گرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اور کالج جانے والا طالب علم ہو یا مزدور، کسان یا غریب شہری ہر شخص پیٹرول کی قیمت کے علاوہ فی لیٹر بھاری ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہے۔