کراچی (رپورٹ:نسیم حیدر) سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا ایران مذاکرات کا مقام ابھی طے نہیں۔جیونیوز سے بات کرتے ہوئے سفارتی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ابھی یہ بھی طے نہیں ہے کہ مذاکرات کا مقام کیا ہوگا۔ اس سےپہلے یہ اطلاعات تھیں کہ امریکا اور ایران کے درمیان اس ہفتے براہ راست مذاکرات کا امکان ہے اور یہ بھی کہ مذاکرات اسلام آباد میں ہونے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اسرائیلی میڈیا کا دعوی تھا کہ ان مذاکرات میں امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس، خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف اور ایران کی جانب سے پارلیمنٹ کے اسپیکرمحمد باقر قالیباف شریک ہوسکتے ہیں۔ غیرملکی سفارتی ذرائع نے کہا کہ ابھی سرکاری طور پر کوئی بھی چیز حتمی نہیں ہے۔ ایران امریکا جنگ رکوانے کیلئے سفارتی محاذ پر پاکستان صف اول میں ہے جو کہ فیلڈ مارشل آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے پیر کو ٹیلی فونک گفتگو سے بھی واضح ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے بھی ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے23 مارچ کو ٹیلےفون پر رابطہ کیا تھا اور اسی روز نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحق ڈارنے ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر بات کی تھی جس میں خطے میں امن کےقیام کیلئے مختلف امور پر بات کی گئی تھی۔