جنیوا (رضا چوہدری / نمائندہ جنگ) اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہیڈکوارٹرز جنیوا میں پاکستانی فرسٹ سیکرٹری عدیل ممتاز کھوکھر نے بھارت کے جھوٹے دعوؤں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کرارا جواب دیا ۔ اجلاس کے دوران حق جواب استعمال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت سے انکار انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی ریاست جمعہ کی نماز پر پابندی لگاتی ہے، عید کے اجتماعات پر قدغن عائد کرتی ہے اور مساجد کو بند کرتی ہے تو یہ اس کی اپنی عدمِ تحفظ کو ظاہر کرتا ہے۔ وہ ریاست جو عبادت سے ڈرتی ہے، دراصل اپنے لوگوں سے ڈرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی کو ہتھیار نہیں بنایا جا سکتا اور معاہدوں کی ذمہ داریوں کو اپنی مرضی سے آن اور آف نہیں کیا جا سکتا۔