نیو یارک (تجزیہ: عظیم ایم میاں) جنگ بند کرانے کیلئے پاکستان کی ثالثی کوششیں قابل ستائش لیکن چند سوالات؟، پاکستان غیر تسلیم شدہ ملک اسرائیل کو ثالثی مذاکرات میں شامل کرے گا؟، کیا جنگ جاری رہے گی؟ کیا صرف امریکہ، ایران جنگ بندی مقصد ہے؟ اسرائیل۔ تفصیلات کے مطابق چار ہفتے سے جاری ایران کے خلاف اسرائیل، امریکہ کی مشترکہ جنگ اپنے تمام تر عالمی اثرات اور خطرات کے ساتھ اب جنگ کے تمام فریقین اور متاثرین کیلئے انتہائی نازک مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ ایک طرف جنگ بھرپور طریقے سے میزائل حملوں سمیت جاری ہے تو دوسری جانب ڈپلومیسی، ڈائیلاگ، ثالثی کی کوششوں کے ساتھ ساتھ ڈس انفارمیشن، پروپیگنڈہ، خفیہ منصوبے اور اقدامات کی بھرمار ہے، جبکہ امریکہ، اسرائیل، ایران سمیت کوئی بھی فریق اور متاثرہ ملک اس جنگ کی سمت اور اس کے اثرات بارے کوئی حتمی پیشگوئی کرنے سے قاصر ہے۔ ایسے میں ترکی اور مصر کی ہمراہی میں ایران، امریکہ جنگ کو بند کرانے کے لئے پاکستان کی ثالثی کی پیشکش واقعی ایک مثبت قدم ہے۔