• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری اسکولز کی طالبات کیلئے روٹ بیسڈ کرایہ پر ٹرانسپورٹ سروس کے قیام کا فیصلہ

کراچی (سید محمد عسکری) صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے سرکاری اسکولوں کے ثانوی اور اعلیٰ ثانوی سطح پر زیر تعلیم طالبات کو محفوظ سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے روٹ بیسڈ کرایہ پر ٹرانسپورٹ سروس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد خصوصاً دیہی اور پسماندہ علاقوں میں طالبات کی تعلیمی رسائی کو بہتر بنانا اور ڈراپ آؤٹ کی شرح میں کمی لانا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے بھیجی گئی سمری میں کہا گیا ہے کہ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 25-اے اور سندھ رائٹ آف چلڈرن ٹو فری اینڈ کمپلسری ایجوکیشن ایکٹ 2013 کے تحت تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، تاہم دیہی سندھ میں طالبات کو محفوظ اور قابلِ اعتماد ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی جیسے مسائل کا سامنا ہے، جو ان کی تعلیم جاری رکھنے میں بڑی رکاوٹ بنتے ہیں۔ سمری میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ ٹرانسپورٹ سروس سے طالبات کی حاضری میں بہتری، والدین کے تحفظات میں کمی اور تعلیمی نتائج میں اضافہ متوقع ہے۔ اس کے علاوہ یہ اقدام خواتین اساتذہ کی باقاعدہ حاضری کو بھی یقینی بنانے میں مدد دے گا۔ یہ سہولت ابتدائی طور پر ان اضلاع میں متعارف کرائی جائے گی جہاں طالبات کے ڈراپ آؤٹ کی شرح زیادہ ہے، جن میں عمرکوٹ، بدین، جامشورو، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی اور کراچی کا ضلع ملیر شامل ہیں۔ محکمہ تعلیم کے مطابق یہ منصوبہ سندھ ایجوکیشن سیکٹر پلان 2019-2024 اور پائیدار ترقیاتی ہدف (SDG-4) کے تحت تعلیمی رسائی بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے اور اسے اسکول انفراسٹرکچر کی توسیع کے ساتھ مربوط کیا جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید