• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یتیم اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنا ہی اصل عبادت، رمیش سنگھ اروڑہ

لاہور (خبر نگار) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پسے ہوئے محکوم طبقے کی آواز ہیں۔ بھارت نے گزشتہ برس مئی میں پاکستان پر جنگ مسلط کی، پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں ڈریم ہاؤس آرفن ایج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور پنجاب رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ یتیم اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنا ہی اصل عبادت ہے۔ خدمت خلق میں ہی انسانیت کی معراج ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پسے ہوئے محکوم طبقے کی آواز ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اقلیتوں کو اپنے سر کا تاج کہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ برس مئی میں پاکستان پر جنگ مسلط کی، پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا ۔ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ بھارت میں اقلیتیں محفوظ نہیں، سیکولر بھارت کا چہرہ اقوام عالم کے سامنے بے نقاب ہو چکا۔ خواتین کو با اختیار بنانا اور اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ارد گرد بے سہارا لوگوں کا خیال رکھے۔معاشرے کے ہر طبقے کو ملکی اور سماجی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہو گا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کرشنا مندر راولپنڈی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ہندو برادری کے وفد نے صوبائی وزیرِ کو مندر کے مرمتی کام کے حوالے سے تجاویز دیں۔ صوبائی وزیر نے مندر میں مرمتی اور تزئین و آرائش کے کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے حویلی سجان سنگھ کا بھی دورہ کیا۔ متعلقہ حکام نے صوبائی وزیر کو حویلی سجان سنگھ میں جاری ترقیاتی کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔
لاہور سے مزید