لاہور (خبر نگار) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت آل پنجاب کمشنرز اجلاس منعقد ہوا جس میں میٹرک کے 27مارچ کو شروع ہونے والے امتحانات کے تناظر میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور شفاف امتحانات یقینی بنانے کیلئے سنٹرز کی کڑی مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی۔ وزیر تعلیم نے 27 مارچ سے تمام افسران کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیپر لیکج اور چیٹنگ مافیا جیسے عوامل ناقابل برداشت ہیںکل سے افسران دفاتر میں نہ بیٹھیں اور ہر سنٹر کی مانیٹرنگ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے تمام کمشنرز، ڈی سیز، اے سیز اور دیگر افسران کو سرپرائز دوروں کی ہدایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ شفاف انتظامات یقینی بنانے کیلئے ہارڈ ایریاز، حساس سنٹرز سمیت تمام امتحانی مراکز کی مانیٹرنگ کے فول پروف انتظامات کئے جائیں۔