کراچی ( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہےکہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کا تعلیمی وژن ”جہالت سب کے لیے“ہے، تعلیمی بحران انتہائی سنگین ہو گیا ہے،جماعت اسلامی ”پڑھو پڑھاؤ مہم“کا آغاز کررہی ہے، سندھ میں 78لاکھ بچے اسکول سے باہر ہیں،41ہزار اسکولوں میں 3ہزار غیر فعال 76فیصد اسکول بجلی سے محروم، 36فیصد اسکولوں میں پینے کاپانی اورتقریباََ25فیصد اسکولوں میں واش رومز کی سہولت میسر نہیں ہے، ادارہ نورِ حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ”پڑھو پڑھاؤ مہم“کے تحت ضرورت مند طلبہ و طالبات کے لیے کتابوں، اسٹیشنری، اسکول بیگز اور جوتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا،اورشہر بھر میں 15 مقامات پر کیمپ قائم کیے جائیں گے جبکہ پہلے مرحلے میں گھروں سے کتابیں اور دیگر تعلیمی سامان جمع کیا جائے گا۔ مخیر واہل خیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ کوئی بچہ محض مالی مسائل کے باعث تعلیم سے محروم نہ رہے، کراچی میں اس مہم کی نگرانی جماعت اسلامی کراچی کے ڈپٹی سیکریٹری وقاص اعظمی کریں گے، یہ مہم 20 اپریل تک جاری رہے گی،جماعت اسلامی نے ہمیشہ نوجوانوں کا ہاتھ تھاما، ”بنو قابل“پروگرام کے مفت آئی ٹی کورسز کے ذریعے 70ہزار سے زائد طلبہ کو ہنر مند بنایا جاچکا ہے جبکہ مزید ہزاروں نوجوان اس وقت بھی اس پروگرام سے مستفید ہورہے ہیں،کراچی کے مسائل کا حل اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی، دیانتدار قیادت اور کرپشن کے خاتمے میں ہے، ماضی میں بعض سیاسی جماعتوں نے کراچی کے حقوق کا سودا کیا اور آج بھی وہ مفادات کی سیاست میں مصروف ہیں،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف درجنوں گاڑیوں کے پروٹوکول کے ساتھ صرف چند گھنٹوں کے لیے کراچی آئے جس سے کراچی کے شہری مسائل کے حوالے سے ان کی سنجیدگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔