کراچی (اسٹاف رپورٹر)گلستان جوہر ملینیئم پل پر کار سوار شہری اور ڈاکوؤں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں 2 مبینہ ڈکیت مارے گئے،تفصیلات کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو شدید زخمی ہوگئے جبکہ ان کا ساتھی فرار ہو گیا ،واقعے کی اطلاع پرپولیس بھی موقع پر پہنچی اور زخمی ڈاکوؤں کو جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں ہی دونوں نے دم توڑ دیا،پولیس نے بتایا کہ موٹرسائیکل سوار تین ڈاکو راشد منہاس روڈ لال فلیٹ کے قریب پھل خریدنے والے کار سوار عبدالغفار سے لوٹ مار کرکے فرار ہو رہے تھے کہ متاثرہ شہری نے ان کا تعاقب کیا اور ملینیئم پل پر ڈاکوؤں نے کار سوار شہری پر فائرنگ کی جس پر کار سوار شہری نے بھی اپنے لائسنس یافتہ پستول سے ان پر فائرنگ کی ،پولیس نے بتایا کہ ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے متعدد چھینے گئے موبائل فون،نقد رقم اور دو پستول برآمد کر لیے گئے ہیں، ہلاک ڈاکوؤں کی فوری شناخت نہیں ہوسکی ہے۔