کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل 11 کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پر ہاتھ صاف کرتے ہوئے میچ 14 رنز سے جیت لیا۔ 7 وکٹوں پر 181 رنزکے جواب میں ناکام سائیڈ سات وکٹ پر167 رنز بناسکی۔انگلش اسٹار معین علی کی آل راؤنڈ کارکردگی نمایاں رہی۔کوئٹہ کیلئے نوجوان شامل حسین نے صرف 24گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے، سعود شکیل نے35 رنز 25گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے اسکور کئے۔ رائیلی روسو 25، حسن نواز19، ٹام کرن صفر، احمد دانیال4 رنز بناسکے۔ بین میکڈر مٹ26 اور الزاری جوزف3رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، حسن علی نے27 رنز کے عوض چار وکٹ لئے۔ معین علی، سلمان علی آغا اور ایڈم زیمپا نے ایک ایک وکٹ لی ۔ قبل ازیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر ڈیوڈ وارنر الیون کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، کراچی کنگز نے پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ۔ جواب میں کنگز نے 7 وکٹوں پر 181 رنز بنائے، معین علی نے 29 گیندوں پر 48 رنز کی ناقابل شکست برق رفتار اننگز کھیلی ۔ ان کے اسکور میں چار چوکے اور تین چھکے بھی شامل تھے، سعد بیگ نے23 گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے30 ، کپتان ڈیوڈ وارنر نے 22 گیندوں پر چار چوکے اور ایک لگاکر 35 ، سلمان علی آغا نے 22 رنز بناسکے۔ وکٹ کیپر اعظم خان 14 ، خوشدل شاہ 12، شاہد عزیز 8 اور محمد نعیم صفر پر آؤٹ ہوئے۔ حسن علی 7 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے احمد دانیال نے36 رنز کے عوض 3 اور الزاری جوزف نے دو جبکہ عثمان طارق اور ابرار احمد نے 1، 1 شکار کیا۔