تہران (نیوز ڈیسک)خطے میں بڑھتی کشیدگی کے اثرات کھیلوں پر بھی پڑنے لگے ۔ ایران نے اپنی قومی اور کلب اسپورٹس ٹیموں پر اُن ممالک کا سفر کرنے پر پابندی لگادی جنہیں وہ ’’جنگی مخالف‘‘ قرار دیتا ہے۔ ایرانی وزارتِ کھیل کے مطابق یہ فیصلہ کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کے پیش نظر کیا گیا ہے ،ان ممالک میں ٹیمیں نہیں بھیجیں گے جہاں کھلاڑیوں کی سلامتی یقینی نہیں بنائی جاسکتی ۔ رپورٹس کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا جب ایشین کلب مقابلوں میں ایرانی کلب ٹریکٹر ایف سی کا ایک میچ سعودی عرب میں اماراتی ٹیم کے خلاف شیڈول تھا، جس پر ایران نے وینیو کی تبدیلی کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ جبکہ ایران امریکا میں شیڈول ورلڈکپ میں بھی شرکت نہ کرنے کا عندیہ دے چکا ہے۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس ترجمان نے کہا ہے کہ فٹبال ورلڈ کپ کے دوران ایرانی ٹیم کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔ تمام ٹیموں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائیگا۔