کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی انتظامی کمیٹی نے نئی قومی سلیکشن کمیٹی ، قومی سنیئر اور جونیئر ٹیموں کے کوچنگ اسٹاف کے حوالے سے اپنی مشاورت مکمل کر لی ہے، سابق کپتان اصلاح الدین اور حسن سردار جو کمیٹی کے مشترکہ چیئرمینز ہیں، نے مشاورت کے بعد عبوری صدر محی الدین وانی کو نام منظوری کیلئے بھیج دئیے ہیں، دو دن میں مزید پیش رفت ہوسکتی ہے ۔ ممکنہ طور پرپرو ہاکی لیگ کیلئے خواجہ جنید کو ہی ہیڈ کوچ برقرار رکھا جائے گا، تاہم کوچنگ اسٹاف کیلئے سابق گول کیپر سلمان اکبر، عدنان ذاکر، ریحان بٹ کے نام زیر غور ہیں ۔ ٹیم کے منیجر کے لئے سابق کپتان منظور الحسن فیورٹ ہیں، قومی سینئر اور جونیئر سلیکشن کمیٹی الگ الگ تشکیل دی جائے گی، جس کے لئے سابق اولمپئینز شہناز شیخ، حنیف خان، خالد بشیر، شہباز احمد سینئر، سعید خان، ایاز محمود ، رشید الحسن ، وسیم فیروز، ناصر علی کے نام زیر غور ہیں۔ سمیع اللہ کو چیف سلیکٹر مقرر کیا جاچکا ہے ۔امکان ہے کہ وہ دونوں کمیٹی کے سربراہ ہوں گے ۔