کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ گیارہ میں منتظمین نے نیا قانون متعارف کراتے ہوئے ٹورنامنٹ کو پر کشش بنانے کی کوشش کی ہے۔ ٹاس سے قبل دونوں کپتان میچ ریفری کو دو الگ الگ الیون کی ٹیم شیٹ دیں گے۔ دونوں ٹیموں میں گیارہ گیارہ کھلاڑی اور چار چار متبادل ہوں گے۔ ٹاس کے بعد کپتان کسی بھی ایک الیون کو فائنل کریں گے۔ جس ٹیم کو حتمی شکل دی جائے گی وہ کن کشن کے بجائے کسی اور صورت میں تبدیل نہیں ہوسکے گی۔ میچ کے دوران وہی متبادل کھلاڑی ، متبادل فیلڈر کی حیثیت سے ایکشن میں ہوں گے جن کے نام شیٹ پر ہوں گے۔ میچ ریفری غیر معمولی حالت میں متبادل کھلاڑی کو فیلڈنگ کرنے کی اجازت دے سکتا ہے۔