• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں ثالثی مذاکرات کل، پاکستان سعودیہ، ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے ملاقات کریں گے

استنبول (اے ایف پی /نیوزڈیسک/ رانا غلام قادر )امریکا ایران ثالثی کیلئے پاکستان متحرک ‘ مصر ‘ سعودی عرب ‘ترکیہ اور پاکستان کے وزرائے خارجہ کا اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگاجس کی صدارت نائب وزیراعظم اوروزیرخارجہ اسحق ڈار کریں گے ‘ ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں 29 اور 30 مارچ کو چار فریقی ملکی اجلاس منعقد ہوگاجس کامقصدخطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں کرنا ہے۔اے ایف پی کے مطابق مشرقِ وسطیٰ جنگ پر پاکستان‘ سعودی عرب‘ مصر اور ترکیہ کا اہم اجلاس رواں ہفتے پاکستان میں ہوگا۔ترکیہ کے وزیرخارجہ ہاکان فیدان نے نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ اجلاس ترکیہ میں منعقد کرنے کا منصوبہ تھا تاہم چونکہ ہمارے پاکستانی ہم منصب کا اس وقت اپنے ملک میں رہنا ضروری ہے، اس لیے ہم نے اس اجلاس کو پاکستان منتقل کر دیا ہے۔ امکان ہے کہ ہم اس ویک اینڈ (ہفتہ یا اتوار) وہاں ملاقات کریں گےجس میں پاکستان ‘سعودی عرب‘ مصر اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ایران "رواں ہفتے" واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات کرے گا۔میامی میں ایک بزنس فورم سے خطاب کے دوران جب وٹکوف سے ایران کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہاکہ ہمارا خیال ہے کہ رواں ہفتے ملاقاتیں ہوں گی اور ہم یقیناً اس کے لیے پرامید ہیں۔ان کا مزیدکہناتھاکہ امریکا اپنے امن منصوبے پر تہران کے جواب کا منتظر ہے۔ وٹکوف نے واضح کیاکہ ہمارا 15 نکاتی منصوبہ میز پر موجود ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ ایرانی اس کا جواب دیں گے‘یہ منصوبہ تمام مسائل حل کر سکتا ہے۔ قبل ازیں جرمن وزیرخارجہ جوہان واڈیفل نے کہا تھاکہ امریکا اور ایران کے نمائندے پاکستان میں بات چیت کیلئے ملاقات کا منصوبہ بنا رہے ہیں‘ان کے بقول یہ ملاقات پاکستان میں بہت جلد ہو گی‘ اب امریکا کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات ہی میں تہران کی بہتری ہے ۔ جرمن ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے جرمن وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین بالواسطہ رابطے ہوئے ہیں اور براہ راست ملاقات کی تیاریاں کی جا چکی ہیں ۔علاوہ ازیں فرانس میں جی سیون اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں جرمن وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت کے لیے اب یہی بہتر مشورہ ہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ فوری طور پر سنجیدہ مذاکرات کا آغاز کرے۔ اسلام آباد سے نمائندہ جنگ کے مطابق چار ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس کل اسلام آباد میں ہوگا، ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں 29 اور 30 مارچ کو چار فریقی ملکی اجلاس منعقد ہوگا، اجلاس میں پاکستان کے علاوہ ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ شرکت کریں گے، اجلاس کی صدارت نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کریں گے، ذرائع کے مطابق اجلاس خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں منعقد کیا جا رہا ہے، اجلاس کا مقصد ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں کرنا ہے، ذرائع کے مطابق پاکستان اس عمل میں ایک اہم ثالث و سہولت کار کے طور پر مثبت ترین کردار ادا کر رہا ہے۔واضح رہے کہ جنگ کے طویل ہونے کے ساتھ ہی پاکستان، ایران اور امریکہ کے درمیان ایک مرکزی ثالث کے طور پر ابھرا ہے۔ اسلام آباد دونوں حریف ممالک کے درمیان پیغامات کی ترسیل کے لیے ایک اہم پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔

اہم خبریں سے مزید