• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مختلف علاقوں میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ‘ایل پی جی قیمت میں ہوشربا اضافہ

ملتان(سٹاف رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے‘ مارکیٹ میں ایل پی جی 400روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے جس کے باعث عوام دہری اذیت کا شکار ہو گئے ہیں، تفصیلات کے مطابق صبح اور شام کے اوقات میں گیس کی طویل بندش کے باعث گھریلو صارفین کو کھانا پکانے میں شدید دشواری کا سامنا ہے،شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف گیس دستیاب نہیں اور دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں،گلشن آباد کالونی کے رہائشی محمد اشرف نے کہا کہ صبح کے وقت گیس نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے، بچوں کو اسکول بھیجنے سے پہلے ناشتہ تیار کرنا مشکل ہو گیا ہے، اوپر سے ایل پی جی اتنی مہنگی ہو گئی ہے کہ خریدنا ممکن نہیں رہا۔مدینہ ٹاؤن کی رہائشی صائمہ بی بی نے بتایا کہ ہم روزانہ گیس کے انتظار میں رہتے ہیں، جب گیس نہیں آتی تو مجبوراًایل پی جی استعمال کرتے ہیں لیکن 400 روپے فی کلو کے حساب سے یہ بھی ہماری پہنچ سے باہر ہو چکی ہے۔شاہ رکن عالم کالونی کے تاجر علی رضا کا کہنا تھا کہ گیس کی بندش سے گھریلو زندگی کے ساتھ ساتھ چھوٹے کاروبار بھی متاثر ہو رہے ہیں، ایل پی جی مہنگی ہونے سے ہوٹل اور کھانے پینے کے کام کرنے والوں کو بھی شدید نقصان ہو رہا ہے۔شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ایل پی جی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو اس دہری پریشانی سے نجات مل سکے۔
ملتان سے مزید