کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ہیوی ٹریفک کا خونی کھیل جاری،ہفتہ کو شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں گدھا گاڑی بان سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، کیماڑی کے پی ٹی گیٹ نمبر 15کے قریب ٹریلر کے روند نے کے نتیجے میں گدھا گاڑی بان جاں بحق ہوگیا، پورٹ قاسم برتھ نمبر 2 کے قریب فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے45 سالہ شخص کو ٹریلر نے کچل دیا۔ تفصیلات کے مطابق کیماڑی کے پی ٹی گیٹ نمبر 15 کے قریب ٹریلر نے گدھا گاڑی کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں گدھا گاڑی بان جاں بحق ہوگیا ، متوفی کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال پہنچائی ، ایس ایچ او جیکسن عنایت اللہ مروت بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کر کے ٹریلر کو قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا جبکہ حادثے میں گدھا بھی زخمی ہوا ہے جبکہ فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی جس کی عمر 45سال کے قریب بتائی جاتی ہے تاہم پولیس شناخت کے حوالے سے مزید کوششیں کر رہی ہے ، بن قاسم کے علاقے پورٹ قاسم برتھ نمبر 2کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال لیجائی گئی ، ریسکیو حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 45 سالہ محمد امین ولد محمد عمر کے نام سے کی گئی جسے فٹ پاتھ پر سوتے ہوئے ٹریلر نے کچل دیا تھا ، اس حوالے ایس ایچ او بن قاسم فیصل رفیق نے بتایا کہ حادثہ پورٹ قاسم کے اندر پیش آیا ہے اور ابتدائی معلومات کے مطابق انتظامیہ نے بات چیت کے بعد معاملہ حل کرلیا ہے اور اس حوالے سے پولیس کے پاس کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی گئی ہے ، متوفی بن قاسم کے قریب کا رہائشی بتایا جاتا ہے دریں اثنا سائٹ سپرہائی وے احسن آباد میرٹھ سوسائٹی کے قریب ہفتے کی علیٰ الصباح ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے والا شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جناح اسپتال میں دم توڑ دیا، چھیپا حکام کے مطابق متوفی کی شناخت 50 سالہ عبدالحق کے نام سے کی گئی جو کہ موٹر سائیکل پر سوار اور حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے تاہم پولیس حادثے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ۔