کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے جاپانی سرمایہ کاروں کو کراچی آنے کی دعوت دیتے ہوئے ہر شعبے میں مکمل تعاون فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔ وہ ہفتے کو یہاں اپنے دفتر میں جاپان کے پاکستان میں سفیر اکامٹسو سوشی) H.E. Akamatsu Shuichi )کی قیادت میں آئے وفد سے ملاقات کررہے تھے، جس میں کراچی میں جاپان کے قونصل جنرل اور دیگر عہدے دار بھی شامل تھے۔میئر کراچی نے جاپانی سفیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان مضبوط دوستی قائم ہے، جاپان کا پاکستان اور اس کے عوام کے لیے تعاون مثالی ہے، پاکستانی عوام جاپان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، جب کہ جاپانی عوام کی پاکستان سے محبت بھی قابلِ تحسین ہے، ہم میونسپل نظام کے حوالے سے جاپانی کمپنیز کے ساتھ رابطے میں ہیں، کراچی میں سیاحت کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، ہم سیوریج، بائیو گیس انرجی اور ماحول دوست توانائی کے شعبوں میں جاپان کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں ہیں۔