کراچی (اعجاز احمد / اسٹاف رپورٹر) ریل گاڑیوں کی آمد ورفت میں اکثر و بیشتر تاخیر کے ساتھ ساتھ بعض ٹرینز اچانک کوچز کی کمی کا بھی شکار ہورہی ہیں، جس کے باعث مسافروں کو سفر میں پریشانی اور سخت ذہنی اذیت و کوفت کا سامنا ہے۔متاثرہ مسافروں نے اس صورت حال میں شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ محکمہ ریلوے کی روز بروز گرتی ہوئی کارکردگی کا فوری نوٹس لیں، جب کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ محکمہ ریلوے پر جرمانہ عائد اور متاثرہ مسافروں کو ہرجانہ بھی دلوائیں، مسافروں نے کئی کئی روز پہلے بکنگ کروائی تھی، اچانک منسوخی سے سخت ذہنی اذیت اور تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان ریلویز کے ترجمان کے مطابق ہفتے کو 7 اپ تیزگام ایکسپریس میں چند کوچز کی عارضی کمی ہوگئی ،جن کے بارے میں انتظامیہ نے بروقت آگاہ کیا کہ مذکورہ ٹرین میں کوچ نمبر 09، 10 اور 11 (اے سی بزنس) اور کوچ نمبر 12 (اے سی سلیپر) دستیاب نہیں ہوں گی، جب کہ کوچ نمبر 01 (اکانومی کلاس) کی بھی عارضی کمی نوٹ کی گئی۔