• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپرلیگ، زلمی نے پہاڑ جیسا ہدف پار کرلیا، راولپنڈیز کو اپنے پہلے مقابلے میں ناکامی، صمد اور بریسویل کی عمدہ اننگز

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل کے تیسرے دن سابق چیمپئن پشاور زلمی نے پہاڑ جیسا ہدف عبور کرتے ہوئے نئی ٹیم راولپنڈیز کو دلچسپ مقابلے کے بعد پانچ وکٹ سے شکست دے کرپہلی کامیابی حاصل کرلی۔نوجوان عبدالصمد نے چار چھکوں اور ایک چھکے کی مدد سے11گیندوں پر33اورپلیئر آف دی میچ مائیکل بریسویل نے17گیندوں پر35ناٹ آوٹ بناکر زلمی کو جیت دلوادی ۔میچ کا فیصلہ پانچ گیند پہلے ہوا، مائیکل بریسویل پلئیر آف دی میچ رہے،۔ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم میں نئی ٹیم راولپنڈیز اپنے ڈیبیو میچ کو جیت کے ساتھ یاد گار نہ بناسکی۔مضبوط بولنگ لائن اپ بڑے ہدف کا دفاع نہ کرسکی۔محمد عامر اپنے بے لاگ تبصروں کے ساتھ کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں لیکن ان کے چار اوورز میں 49رنز ایک وکٹ کے عوض بنے اور یہی رنز مہنگے ثابت ہوئے۔نسیم شاہ کے چار اوورز میں51اور عماد بٹ کے چار اوورز میں45رنز بنے۔راولپنڈی پنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔راولپنڈی پنڈیز نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹ پر 214 رنز اسکور کیے۔ پنڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز رضوان اور یاسر خان نےکیا، دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ۔یاسر خان نے 83 رنز چھ چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے46 گیندوں پر بنائےیاسر نے رضوان کے ساتھ پہلی وکٹ پر125رنز کا اضافہ کیا، کپتان محمد رضوان نے 41 رنز بنائے،کامران غلام نے 37، ڈیرل مچل نے 23اور سیم بلنگز نے 18 رنز کی اننگز کھیلیں۔ پشاور زلمی کی جانب سے فاسٹ بولر علی رضا نے42رنز دے کر 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ راولپنڈی پنڈیز کا 215 رنز کا ہدف پشاور زلمی نے پانچ وکٹ پرآخری اوور میں حاصل کرلیا۔فاتح ٹیم کے اوپنر محمد حارث 28 گیندوں پر 47 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ان کی اننگ میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، اور بابر اعظم نے 39 رنزبنائے۔ دونوں نے پہلی وکٹ پر78رنز بنائے۔کوشل مینڈس 31 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔راولپنڈیز کی جانب سے عماد بٹ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، محمد عامر، آصف آفریدی اور رشاد حسین ایک، ایک وکٹ حاصل کرسکے۔