کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ جیسن گلسپی متنازع انداز میں عہدے سے الگ ہوئے تھے اور اکثر اپنے انٹر ویوز میں پی سی بی کے ذمے داروں کے خلاف تنقید کرتے ہیں لیکن پاکستان سپر لیگ کے لئے لاہور آکر انہوں نے مثبت گفتگو شروع کردی ہے۔وہ حیدرآباد کنگز مین کے ہیڈ کوچ ہیں کہتے ہیں کہ پی سی بی کے ساتھ میرا اب اچھا رشتہ ہے کوئی جھگڑا نہیں ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے، میرا بطور ٹیسٹ کوچ کردار اچھے انداز سے ختم ہوا، کوچنگ میں تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں، میں اور پی سی بی آگے بڑھ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے محبت ہے، منتظمین کیلنڈر کو بہتر ایڈجسٹ کریں، ٹیسٹ کرکٹ میں کمی کا حامی نہیں ہوں، توازن رکھنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ فاسٹ بولنگ محنت طلب کام ہے، بولرز سلیکٹو کرکٹ کھیل رہے ہیں، موجودہ دور میں کھلاڑیوں کے لیے تینوں فارمیٹ کھیلنا بہت مشکل ہے، فاسٹ بولرز کے ورک لوڈ کا حل سب کو مل کر نکالنا ہوگا۔ صائم ایوب اچھا کھلاڑی ہے، کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے، معاذ صداقت نے ٹریننگ کا آغاز کردیا، وہ اسکواڈ کا اہم حصہ ہیں، امید ہے وہ کل کے میچ کے لیے فٹ ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گلین میکسویل کے آنے کی حتمی تاریخ کا ابھی علم نہیں۔کپتان مارنس لبوشین بہترین ہیں وہ سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں۔