کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے مطالبہ کیا ہے کہ پی ایس ایل میں تماشائیوں کو گراؤنڈ میں داخلے کی اجازت دی جائے وزیراعظم سے پرزور اپیل کی کہ شائقین کو دوبارہ اسٹیڈیمز آنے کی اجازت دی جائے تاکہ کرکٹ کے میدان ایک بار پھر آباد ہو سکیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہم جلد اسٹیڈیمز کو دوبارہ بھرپور انداز میں آباد دیکھیں گے۔پی ایس ایل کی مختلف فرنچائز مالکان کی جانب سے وزیر اعظم شہباز شریف کے نام سوشل میڈیا پر پیغامات جاری کرتے ہوئے اسٹیڈیم میں فینز کو اجازت دینے کی درخواست کی گئی ہے۔لاہور قلندرز کے مالک عاطف رانا نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کا جشن ہے لیکن فینز کے بغیر یہ ادھورا ہے، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سے اپیل ہے کہ فینز کی میدان میں واپسی کی اجازت دی جائے۔ملتان سلطانز کے مالک گوہر شاہ نے شہباز شریف کے نام جاری پیغام میں لکھا کہہم سب فینز کی واپسی چاہتے ہیں ٹیم راولپنڈیز کے مالک احسن طاہر کے مطابق فینز کے بغیر کرکٹ نہیں ، کرکٹ پاکستانی عوام کی میراث ہے۔پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستاں سپر لیگ عوام کو متحد کرنے کا ذریعہ ہے، فینز کا جذبہ اور ان کی موجودگی پی ایس ایل کی حقیقی روح ہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی نے کہا کہگراؤنڈ میں فینز کی انرجی پی ایس ایل کی دھڑکن ہے، گراؤنڈ میں فینز کے بغیر پی ایس ایل ادھوری ہے ۔حیدرآباد کنگز مین کے مالک فواد سرور کے مطابق ہم نے پہلے میچ میں گراؤنڈ میں فینز کو بہت مس کیا ، اسٹیڈیم میں ایک بار پھر ہر باؤنڈری اور وکٹ پر کراؤڈ کا شور مچنے دیں۔