تہران،کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) ایران کیخلاف جاری امریکی و اسرائیلی جنگ دوسرے ماہ میں داخل ہوگئی، لڑائی میں مزید شدت، یمن میں سرگرم حوثی بھی میدان میں آگئے، حوثیوں نے جنگ میں پہلی بار اسرائیل پر میزائل داغ دیئے،حوثیوں نے کہا کہ وہ اپنے آپریشن اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک تمام محاذوں پر "جارحیت" ختم نہیں ہوجاتی، یمنی گروپ کے حملوں کے پیش نظر باب المندب کی بندش کاخطرہ بھی بڑھ گیا ہے، شام میں امریکی اور اتحادی فورسز کے اڈے پر عراق سے کئے گئے ڈرون حملے ناکام بنادیئے گئے، ایران اور لبنان پرخوفناک اسرائیلی بمباری کا سلسلہ جاری رہا ، جنوبی لبنان پر اسرائیلی فوج کے حملے میں خاتون سمیت 3 لبنانی صحافی اور ایک فوجی اہلکار شہید ہوگئے،ایک اور حملے میں بچے سمیت 7افراد شہید ہوگئے، حزب اللہ کے اسرائیل پر راکٹ حملے جاری رہے ، میزائل حملوں میں لبنان میں دو اسرائیلی ٹینک تباہ ہو گئے ،بوشیر میں ایرانی جوہری پلانٹ کے قریب تیسری بار بمباری ہوئی ہے، اسرائیل نے اپنے دو فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ، ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے خطے کے ممالک کے نام جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ اگر آپ ترقی اور سکیورٹی چاہتے ہیں تو ہمارے دشمنوں کو جنگ کے لئے اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے دیں،امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہےکہ امریکا جلد ایران سےنکل جائےگا، امریکا اپنے زیادہ ترفوجی مقاصد حاصل کرچکا ہے،ایران نے جوابی کارروائیاں کرتے ہوئے خطے میں امریکی اڈوںاور اسرائیلی صنعتی اہداف کو ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے،امریکی میڈیا کے مطابق امریکی بحری بیڑہ جارج ایچ ڈبلیو بش ورجینیا سے مشرق وسطیٰ کیلئے روانہ ہوگیا ہے،امریکی حکام نے بتایاکہ امریکی بحری بیڑے جیرالڈ فورڈ اور ابراہم لنکن پہلے سے ہی مشرق وسطیٰ میں موجود ہیں، ایران نے اسرائیل پر کلسٹر بموں کی بارش کردی، تل ابیب میں متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں،مختلف علاقوں میں سائرن بجتے رہے، اسرائیل میںگزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 150افراد زخمی ہوگئے ، اسرائیل میں زخمیوں کی مجموعی تعداد 5,689 ہوگئی ہے، پاسداران انقلاب نے کہا کہ صوبہ فارس کے شہر شیراز میں ایرانی دفاعی نظام نے مہنگا امریکی MQ-9 ڈرون مار گرایا ہے، ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہےکہ جنوبی صوبہ فارس کی فضاؤں میں امریکی ایف 16 لڑاکا طیارے کو نشانہ بنایا گیا،امریکا نے طیارے کے کامیاب ہنگامی لینڈنگ کی تصدیق کردی ہے ، سعودی عرب ، قطر ،بحرین،عمان، متحدہ عرب امارات اور کویت سمیت خطے بھر میں امریکی فوجی اڈوں اور مختلف تنصیبات پر میزائل حملے جاری رہے، سعودی عرب کے پرنس سلطان ائیربیس پر میزائل حملے میں 15 امریکی فوجی زخمی ہوگئے جن میں سے 5کی حالت تشویش ناک ہے،امریکی میڈیا کے مطابق ایرانی میزائل حملے میں امریکا کے کئی ری فیولنگ طیاروں کو نقصان پہنچا،امریکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران کی جانب سے کم از کم 6 بیلسٹک میزائل اور 29 ڈرون استعمال کئے گئے ، پاسدارن انقلاب نے کویت میں امریکا کے 6بحری جہاز تباہ کرنے اور دبئی میں ساحل اور ہوٹل پر حملے کرکے کئی امریکی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے، امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ نے پاسدارانِ انقلاب کے ان دعووں کو مسترد کر دیا ہے کہ ایرانی افواج نے دبئی میں ان مقامات پر حملہ کیا ہے جہاں 500 سے زائد امریکی فوجی مقیم تھے اور وہاں "بھاری نقصان" پہنچایا ہے،سینٹ کام نے ایک بیان میں کہا کہ دبئی میں کسی بھی امریکی اہلکار پر حملہ نہیں ہوا ۔ایران کی فوج نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ اس نے عمان کی بندرگاہ صلالہ کے قریب ایک امریکی لاجسٹک جہاز کو نشانہ بنایا ہے۔سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک بیان میں ایران کی مرکزی فوجی کمان کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے کہا، "جارح امریکی فوج کی معاونت کرنے والے ایک لاجسٹک جہاز کو اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج نے عمان میں صلالہ کی بندرگاہ سے کافی فاصلے پر نشانہ بنایا ہے۔"اس حملے میں ایک ورکرکے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے ۔ کویتی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ہفتے کے روز ملک کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حوالے سے بتایا ہے کہ کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو متعدد ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس سے ایئرپورٹ کے ریڈار سسٹم کو شدید نقصان پہنچا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ابوظہبی میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز ایک بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی ناکام بنائے جانے کے بعد گرنے والے ملبے کے نتیجے میں تین مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، جس سے 5بھارتی شہریوں سمیت 6افراد زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا گیا کہ تمام تینوں مقامات پر لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور اب کولنگ کا عمل جاری ہے