کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، بھارتی رہنما سے ملاقات کے الزامات لگانے والے وزراء کو لیگل نوٹس بھجوائیں گے۔ تحریک انصاف کے لئے ملک کی معیشت سب سے زیادہ اہم ہے۔ وہ انصاف ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ ، آفتاب جہانگیر، ایڈووکیٹ شجاعت ایڈوکیٹ، ایڈووکیٹ، ظہور محسود، ذوالفقار ملاح ،معظم خان، ، رانا اعظم، محمد علی بلوچ ، فوزیہ صدیقی،ایڈووکیٹ خان زمان سیکریٹری، نوید عالم صدیقی، اکمل آفریدی، ولید ہاشمی، شیر اعظم ڈومکی سمیت دیگر رہنما بھی شریک تھے۔بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی غریب عوام کی جماعت ہے، اس کا نظریہ غریب پروری پر مبنی ہے۔ پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی زراعت ہے مگر آج کسان شدید مشکلات کا شکار ہے اور اسے اس کا جائز حق نہیں دیا جا رہا۔ اگر معیشت مستحکم ہوگی تو پاکستان مضبوط ہوگا، اور اسی مقصد کے لئے پی ٹی آئی ہر محنت کش اور کسان کے ساتھ کھڑی ہے۔گزشتہ چار سالوں میں کوئی مثبت تبدیلی نہیں آئی اور معیشت مسلسل تنزلی کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال تشویشناک ہے، عدالتوں کی آزادی پر سوالات اٹھ رہے ہیں، شہریوں کو جبری طور پر لاپتہ کیا جا رہا ہے، کراچی سے 431 افراد کو فروری میں اٹھائے جانے کے واقعات رپورٹ ہوئے،کراچی میں راجہ اظہر، فہیم خان ، ایم پی اے واجد حسین کو گرفتار کرنے کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔ عام انتخابات میں عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، کراچی سے قومی اسمبلی کی 22 نشستیں اور ملک بھر سے 180 نشستیں چھینی گئیں اور ہمیں مخصوص نشتوں سے بھی محروم کیا گیا۔ پی ٹی آئی ہر ظلم کے خلاف آواز بلند کرتی رہے گی اور عوام کے آئینی حقوق، عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس نظام کو منصفانہ بنانا ہوگا اور تنخواہ دار طبقے پر مزید بوجھ ڈالنے کی بجائے اشرافیہ کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا۔