کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے ضلع اوکاڑہ میں محکمہ وقف متروکہ املاک (ETPB) کے اندر موجود کرپٹ عناصر اور بعض نجی افراد پر مشتمل ایک منظم گٹھ جوڑ کو بے نقاب کر دیا۔حکام کے مطابق یہ گروہ “کسان اتحاد” کے نام کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے باہمی ملی بھگت سے وفاقی حکومت کی قیمتی اراضی انتہائی کم نرخوں پر حاصل کر رہا تھا جو قومی مفاد کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے۔ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے محمد فاروق (پٹواری، ETPB اوکاڑہ) سمیت نجی افراد محمد افضل، محمد یٰسین اور محمد مشتاق کو مقدمہ نمبر 14/26 ACC میں گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان نے دھوکہ دہی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے ذریعے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا جبکہ قیمتی سرکاری اراضی کو سالانہ تقریباً 45 سے 50 ہزار روپے کے عوض لیز پر دیا گیا جبکہ اسی علاقے میں اسی نوعیت کی زمین کی مارکیٹ ریٹ تقریباً 2 لاکھ روپے سالانہ ہے۔حکام کے مطابق یہ معاملہ عوامی اعتماد کے ساتھ کھلی غداری اور قومی وسائل کی لوٹ مار کی واضح مثال ہے۔ ایف آئی اے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ریاستی اثاثوں کے تحفظ اور کرپشن کے خاتمے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ مزید تفتیش تیزی سے جاری ہے۔