اسلام آباد ( طاہر خلیل ) اسلام آباد میں سیکورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان اور خطے کے امن کے خلاف بھارت کی سازش بے نقاب ہو گئی ،پاکستان کی عالمی اہمیت سے خائف بھارت نےافغانستان کے ساتھ مل کر اسٹریٹجک ڈس انفارمیشن حملہ کر دیا۔ نفرت انگیز پروپیگنڈے کیلئے درجنوں اکائونٹس بھارت، افغانستان سے آپریٹ ہو رہے ہیں۔ بھارت نے مشرقِ وسطیٰ میں امن کی پاکستانی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کا خطرناک منصوبہ بنایا ، ذرائع کے مطابق خفیہ ڈس انفارمیشن نیٹ ورک کے ذریعے ایران کے نام پر پاکستان کے خلاف منظم اور اسٹریٹجک پروپیگنڈا آپریشن لانچ کیا گیا۔ جعلی ایرانی شناختوں کے ذریعے پاکستان میں نفرت پھیلانے کا بیانیہ گھڑنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ڈس انفارمیشن مہم کا آغاز INN Iran News اور Iran TV جیسے گھوسٹ ایکس اکاؤنٹس سے کیا گیا، ذرائع کے مطابق پاکستان پر امریکہ کے لیے تیل ترسیل کا جھوٹا الزام لگا کر نفرت انگیز پراپیگنڈے کو بنیاد فراہم کی گئی ، ذرائع نے کہا کہ ایرانی شناخت رکھنے والے درجنوں اکاؤنٹس بھارت اور افغانستان سے آپریٹ کیئے جا رہے ہیں ،بیانیہ تشکیل دینے والے اکاؤنٹس بھارت جب کہ پراپیگنڈے کے پھیلاؤ والے اکاؤنٹس افغانستان سے آپریٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔