کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہےکہ پیپلز پارٹی 18سال سے سندھ میں حکومت کررہی، اس نے سندھ اور کراچی کو تباہ و برباد کردیا ہے، لوٹ مار اور کرپشن کے علاؤہ کوئی کام نہیں ہے،مسلط کرنے والے ہی یہ گند صاف کریں، ریڈ لائن منصوبے کی کراچی کو کوئی ضرورت بھی نہیں تھی، سندھ حکومت اس کی جگہ پر ڈیڑھ دو ہزار بڑی بسیں لا سکتی تھی، 4 ارب روپے میں کریم آباد انڈر پاس کے نام پر دوپتلی گلیاں بنادی گئیں، 43ارب کے بجٹ کا سندھ سالڈ ویسٹ کا ادارہ مکمل ناکام ہوچکا ہے، پورا شہر کچرا کنڈی بناہوا ہے، زرداری ہاؤس سے بلاول ہاؤس تک کرپشن کا ایک دھندا چل رہا ہے، سندھ حکومت بتائے کہ کے فور منصوبے کی آگمینٹیشن کا کام مہینوں سے کیوں بند ہے؟ کے سی آر کا متعدد بار افتتاح کیاجاچکا ہے، گیارہ سال میں گرین لائن منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا، زرداری ہاؤس سے بلاول ہاؤس تک کرپشن کا ایک دھندا چل رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نےکہا کہ جن لوگوں نے کراچی پر پیپلز پارٹی کا میئر مسلط کیا ہے اب وہی اسے ٹھیک کریں،ہمارا واضح مطالبہ ہے کہ کراچی میں بااختیار سٹی گورنمنٹ قائم کی جائے اور پورے پاکستان میں بھی مقامی حکومتوں کا نظام لایا جائے۔ مسلم حکمرانوں کو کھل کر کہنا ہوگا کہ ایران پر حملہ امریکہ اور اسرائیل کی دہشت گردی ہے، پاکستانی حکمران ایک طرف ٹرمپ کے غزہ بورڈ آف پیس میں شامل ہیں تو یہ پھر ثالثی کیسے کرسکتے ہیں، پاکستان کی اس بورڈ آف پیس میں شامل رہنے کا کوئی اخلاقی،قانونی،انسانی جواز باقی نہیں رہا۔