بنوں ( نمائندہ جنگ )بنوں کے علاقے تھانہ ہوید کی حدود شیخان ممہ خیل میں دہشتگردوں نے پولیس موبائل پر حملہ کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں ہیڈ کانسٹیبل دلنواز خان شہید جبکہ تین پولیس اہلکار ڈرائیور عامر خان سپاہی انعام اللہ اور سپاہی ضیاء اللہ زخمی ہو گئے،جوابی کارروائی میں 2دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب پولیس پارٹی معمول کی ڈیوٹی پر موجود تھی۔ دہشتگردوں نے اچانک فائرنگ کر دی، جس کے جواب میں پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ دہشتگردوں نے حملے کے بعد پولیس گاڑی کو آگ لگا کر جلا دیا۔ آر پی او سجاد خان نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس کی جوابی کارروائی میں دو دہشتگرد ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں اسی طرح دہشتگردوں کے دو موٹر سائیکل بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لئے ہیں جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ ڈی آئی جی سجاد خان نے ہسپتال جا کر زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔