• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلدیاتی ایکٹ 2013کو اصل حالت میں بحال کیا جائے، آل ناظمین کمیٹی

پشاور(جنگ نیوز)آل ناظمین نیبر ہڈ کونسل اور ویلج کونسل آرگنائزنگ کمیٹی پشاور نے صوبائی حکومت سے بلدیاتی ایکٹ 2013 کو اصل حالت میں بحال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ پشاور پریس کلب میں پیر کو سابق بلدیاتی نمائندوں کی تنظیم کے سربراہ امان اللہ خان نے سابق ناظم قیصر خان فاروقی اور دیگر سابق ناظمین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے 2019 کے الیکشن میں اپنے بلدیاتی نمائندوں کی شکست کے بعد خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ کے ذریعے بلدیاتی نظام میں تبدیلی کر کے بلدیاتی نمائندوں سے حقوق چھینے اور ان پر ترقیاتی فنڈ کے دروازے بند کر کے نظام کو مفلوج کردیا جس کی وجہ سے نچلی سطح تک عوام کو بلدیاتی نظام کا ثمر نہیں مل سکا اور عوام کے منتخب نمائندوں کو ان کے حق سے محروم رکھا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات تو یہ ہے کہ گزشتہ دو سال سے عوامی نمائندوں کو اعزازیے سے بھی محروم رکھا گیا اور ان کا حق مارنے کے لیے ہر حد پار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ال ناظمین آرگنائزنگ کمیٹی ضلع پشاور صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ فوری طور بلدیاتی ایکٹ 2013 کو بحال کیا جائے بصورت دیگر وہ شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔
پشاور سے مزید