کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایک معصوم بچی زینب بتول نے انسانیت اور ہمدردی کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے اپنی ساری عیدی ایران اور لبنان کے جنگی متاثرین کے نام کر دی۔ بچی کی جانب سے عیدی کی مکمل رقم آئ ایس او کے تحت قائم کیے گئے امدادی کیمپ میں جمع کروائی گئی، جس نے وہاں موجود افراد کو جذباتی کر دیا۔ بچی کے والد کے مطابق رہبرِ معظم سید علی خامنہ ای کی شہادت کی خبر کے بعد زینب بتول شدید افسردہ تھی اور اس نے اپنی عید کی تمام خوشیاں رہبرِ معظم کے نام کرنے کا فیصلہ کیا۔ والد کا کہنا تھا کہ بچی نے خود اصرار کیا کہ اس کی عیدی جنگی متاثرین تک پہنچائی جائے تاکہ وہ بھی کسی حد تک مدد حاصل کر سکیں۔ امدادی کیمپ میں ایک جذباتی منظر دیکھنے میں آیا جہاں چھوٹے چھوٹے بچے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے تھے۔ کئی بچوں نے اپنی جمع پونجی، عیدی اور حتیٰ کہ اپنی سائیکلیں بھی بطور عطیہ جمع کروائیں۔