کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ کمسنی میں پان چھالیہ گٹکا سگریٹ یا نسوار کی شکل میں تمباکو نوشی کے استعمال سے خصوصا نوجوانوں میں غذائی نالی کے کینسر کی شرح بڑھ رہی ہے ، سول اسپتال کراچی میں دس سال کے بچے میں بھی غذائی نالی کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے عموما ایسو فیجیل کینسر کی تشخیص میں بہت تاخیر ہو جاتی ہے حالانکہ اس کی فوری ابتدائی تشخیص سے علاج جلدی اور آسان ہو جاتا ہے کیونکہ ابتدا میں انڈوسکوپی سے اسے نکالا بھی جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی اف ہیلتھ سائنسز کے شعبہ سرجری اپرجی آئی اینڈ باری ایٹرک یونٹ سول اسپتال کراچی کے اشتراک سے 250سے زائد لیپروسکوپک اور 70سے زائد روبوٹک کینسر سرجریز کی کامیاب تکمیل پر ڈاؤ میڈیکل کالج کے آراگ آڈیٹوریم میں منعقد آگاہی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔