لاہور(کر ائم رپو رٹرسے)صدر پاکستان پولیس سپورٹس بورڈ اور انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس عبدالکریم کی ہدایت پر پولیس کے سالانہ انٹر ڈسٹرکٹ کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل پولیس سپورٹس بورڈ، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد نے سالانہ مقابلوں کا شیڈول جاری کر دیا۔چیف سپورٹس آفیسر اور آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل نے ضلعی سطح پر ہونے والے مقابلوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع اور یونٹ کی سطح پر ہونے والے مقابلوں کی بنیاد پر پولیس ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹر ڈسٹرکٹ ٹورنامنٹس کے ذریعے بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کر کے ہر کھیل کی الگ پولیس ٹیم بنائی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ منتخب پولیس ٹیمیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والے مقابلوں میں حصہ لیں گی، جبکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو پاکستان کی قومی ٹیموں میں جگہ بنانے کے بھی بھرپور مواقع میسر آئیں گے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ان کھیلوں میں کرکٹ، آرچری، بیس بال، اتھلیٹکس، باکسنگ، کبڈی، باڈی بلڈنگ، ویٹ لفٹنگ، ہاکی سمیت دیگر کھیل شامل ہیں۔