لاہور ( جنرل رپورٹر ) صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے مسیحی برادری کے تہوار گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور سپیشل سیکرٹری فضل الرحمان بھی ہمراہ تھے۔ ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ماہم آصف ملک نے صوبہ بھر میں صورتحال بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ حکومت پنجاب بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے رہی ہے۔ گرجا گھروں میں عبادت کے علاوہ تفریحی مقامات کا بھی رخ کیا جا رہا ہے۔ امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ مسیحی عبادت گاہوں، حساس مقامات پر ہائی ریزولوشن CCTV کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے علامہ اقبال ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔صوبائی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود بھی ہمراہ تھے۔ ڈائریکٹر مانیٹرنگ سیل محکمہ سپیشلائزڈ عتیق الرحمن اور پرنسپل خواجہ صفدر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ہما کیانی سہگل بھی اس موقع پر موجود تھیں۔صوبائی وزیر نے ہسپتال کے ایمرجنسی، گائنی او پی ڈی، ریڈیالوجی اور آئی وارڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔