کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ٹریفک حادثات میں دو افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی سنگر چورنگی کے قریب سوزوکی کی ٹکر سے سائیکل پر سوار شخص جاں بحق ہو گیا۔متوفی کی لاش کوجناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 50 سالہ محمد حسین ولد محمد یوسف کے نام سے ہوئی۔ کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود قیوم آباد جام صادق پل کے قریب گزشتہ شب ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والا 65 سالہ راہگیر جناح اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس کے مطابق متوفی راہگیر تھا جو جسے نامعلوم گاڑی نے ٹکر ماری۔تاحال متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ ڈاکس تھانے کی حدود نیٹی جیٹی پل کے قریب مسافر کوچ پل پر رکھی رکاوٹوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں مسافر کوچ کی چھت پر سوار بچے گر کر شدید زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ۔پولیس کے مطابق زخمیوں میں 14 سالہ عابد ولد اشرف ، 15 سالہ ارمان ، 6 سالہ افضل ولد عاشق ، 14 سالہ مصباح الدین ولد زین الدین ، 13 سالہ ہارث ولد اشرف اور 14 سالہ ارمان ولد ساجد شامل ہیں ۔ مسافر بس میں باراتی سوار تھے جو لانڈھی سے بارات لے کر کیماڑی جا رہے تھے ۔مسافر بس کی چھت پر کچھ بچے چھت پر ناچ گانے کر رہے تھے کہ اسی دوران بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر رکاوٹوں سے ٹکرا گئی ۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔